شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے نیا پلان تیار

شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے نیا پلان تیار

لاہور(شیخ زین العابدین)ٹرانسپورٹ سسٹم کو اینٹی گریٹڈ اور نئی بسیں چلانے کیلئے جامع حکمت عملی کی تیاری شروع کر دی گئی، پنجاب حکومت کی ہدایت پر لاہور کے تمام انتظامی ادارے 7روز میں ٹرانسپورٹ سسٹم پر اپنی تجاویز دینگے۔

لاہور میں ٹرانسپورٹ سسٹم کے حوالے سے ادارے اپنی پلاننگ، فنانشل سسٹین ایبلٹی، چیلنجز اور ماحولیاتی عوامل پر رپورٹ پیش کرینگے ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ کا نیا جال بچھانے کا پلان تیار، 20 سے زائد انتظامی اداروں کو ایک چھت تلے اکٹھا کر دیا گیا۔محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب اور ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام لاہور ٹرانسپورٹ ویک کا آغاز کر دیا گیا۔ لاہور میں ٹرانسپورٹ سسٹم بارے ادارے اپنی پلاننگ پیش کرینگے ۔شہر سے ٹریفک کا دباؤ کم کرنے اور مسافروں کو جدید سفری سہولیات کے پلان کو حتمی شکل دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں ٹرانسپورٹ اینٹی گریٹڈ سسٹم متعارف کروایا جائے گا۔ میٹرو اورنج ٹرین اور میٹرو بس کو دیگر ٹرانسپورٹ سے منسلک کرنے کا پراجیکٹ تیار کیا جائے گا۔لاہور کی تمام اتھارٹیز ایک چھت تلے اپنی سفارشات دیں گی۔ نیسپاک کو ڈیزائن بنانے اور کنسلٹنسی سروسز کیلئے ہائر کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی، ایل ڈی اے ،سی بی ڈی اور روڈا اپنی سفارشات پیش کرینگے۔ پلان کے تحت شہر کو 4 زون میں تقسیم کیا جائے گا۔مشرق، مغرب، شمال اور جنوبی لاہور کیلئے نئے ایکسپریس وے اور سٹرکچر پلان روڈز بنیں گی۔ ہر زون کیلئے علیحدہ سگنل فری کوریڈور فراہم کیے جائینگے۔ شمالی لاہور سے رائیونڈ جانے کیلئے نیا ٹرانسپورٹ سسٹم دیا جائے گا۔سٹرکچر پلان روڈ زکا نیا روٹ ترتیب دیکر پبلک ٹرانسپورٹ چلائی جائے گی۔ سنٹرل لاہور سے مغربی حصے تک ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے سمیت دیگر ذرائع ٹرانسپورٹ متعارف کرائے جائینگے۔ چاروں سسٹمز کو آپس میں سپیڈو بس کے ذریعے منسلک کیا جائے گا۔ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ 3 سال میں مکمل کرنے کی تجویز دی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں