ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی قوم کے ہیرو:گورنر
لاہور(سپیشل رپورٹر)عالمی ریکارڈ رکھنے والے، پاکستان کا فخر، ایشین پیسفک افریقن کمبائنڈ پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں 15 گولڈ میڈل جیتنے والی سہیل سسٹرز نے یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں اقلیتی ونگ پنجاب کے نائب صدر ایڈون سہوترا کی قیادت میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر ٹوئنکل سہیل، ویرونیکا سہیل، سبیل سہیل، مریم سہیل، منیجر سہیل جاوید کھوکھر، کوچ ملک محمد راشد موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ٹوئنکل سہیل نے اپنا گولڈ میڈل شہید بے نظیر بھٹو کے نام کرنے کا اعلان بھی کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ سہیل سسٹرز، ٹوئنکل سہیل، ویرونیکا سہیل، سبیل سہیل نے ملکی تاریخ میں پہلی بار تین براعظموں کے پاور لفٹنگ مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 15 گولڈ میڈل حاصل کیے جو کہ ایک منفرد اعزاز تھا۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرنے والے کھلاڑی قوم کے ہیرو اور ملک کا اثاثہ ہیں۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ کھیل انسان کی ذہنی، جسمانی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی نشوونما میں بہت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں میں برداشت، تحمل، صبر اور نظم و ضبط سمیت مختلف مثبت صلاحیتیں پیدا کرتی ہے۔