سڑکوں کی مرمت و بحالی کے منصوبے فائلوں تک محدود

لاہور(شیخ زین العابدین)سڑکوں کی مرمت و بحالی کے منصوبہ جات ابھی تک فائلوں تک محدود رہے۔ تفصیلات کے مطابق ایل ڈی اے گزشتہ مالی سال میں ترقیاتی کاموں کے روڈ میپ پر عمل نہ کر سکا۔
ایل ڈی اے کے اربن ڈویلپمنٹ ونگ نے مالی سال کا روڈ میپ تیار کیا، پنجاب حکومت نے ایل ڈی اے بجٹ میں شامل منصوبہ جات کی منظوری دی،ایل ڈی اے کے فنڈز میں کمی کی وجہ سے روڈ میپ پر عمل درآمد نہ ہوسکا، ذاتی وسائل سے شروع ہونے والے منصوبے اس سال میں مکمل نہ ہوسکے، ایل ڈی اے کا شعبہ انجینئرنگ گزشتہ مالی سال کے روڈ میپ پر عمل نہ کرسکا، گزشتہ مالی سال ایل ڈی اے بجٹ میں 34 نئی سکیموں کی منظوری دی گئی۔ ایل ڈی اے بجٹ میں 34 ترقیاتی سکیمیں ذاتی وسائل سے مکمل کی جانی تھیں، فنڈز کی کمی اور اتھارٹی ترجیحات میں نہ ہونے سے بیشتر منظور شدہ سکیمیں نظر انداز ہوگئیں۔گزشتہ مالی سال کے بجٹ میں نئی سکیموں کے لیے ایک ارب 71 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا، عبدالحق روڈ کی مرمت اور بحالی اور ابوذر غفاری روڈ کی مرمت اور بحالی کا کام نہ ہوسکا۔ خیابان فردوسی شوق چوک سے شوکت خانم اور شوکت خانم سے ٹوپاز چوک تک واک ویز تعمیر نہ کیے جاسکے، کالج روڈ سے خیرا ڈسٹری بیوٹری تک سٹرکچر پلان روڈ کی تعمیر کا کام نہ ہوسکا، کینال روڈ، جیل روڈ، گلبرگ مین مارکیٹ، رائیونڈ روڈ پر نئی لائٹس کی تنصیب کے منصوبے پر عمل نہ ہوا۔ایل ڈی اے انتظامیہ نے شروع نہ ہونے والے منصوبوں کو رواں مالی سال میں شامل کرنے کی تجویز دے دی۔