حکومت کی شجرکاری مہم سے میاواکی تکنیک خارج

 حکومت کی شجرکاری مہم سے میاواکی تکنیک خارج

لاہور(سٹاف رپورٹر سے)پنجاب حکومت کی شجرکاری مہم سے میاواکی تکنیک کو نکال دیا گیا، میاواکی جنگل لگانے کے لئے ماضی قریب میں نجی کمپنیوں کے ساتھ ہونے والے معاہدے بھی عمل درآمد کے منتظر ہیں۔

شجرکاری میں پی ایچ اے کی جانب سے میواکی جنگل کو شامل ہی نہیں کیا گیا، انکوائریوں اور فنڈز کی قلت نے میواکی جنگل منصوبہ بند کر ادیا۔ بزدار دور میں لگنے والے پچاس میواکی جنگلات کے بعد تاحال منصوبہ بند ہے ۔ پی ایچ اے نے میواکی جنگل اربن فاریسٹ منصوبہ بند کر دیا۔ پنجاب بجٹ میں اربن فاریسٹی کے لئے کوئی فنڈز نہیں رکھے گئے، پی ایچ اے بجٹ میں بھی میواکی جنگل کا کوئی منصوبہ شامل نہیں کیا گیا۔ شہر میں 51 مقامات پر میواکی جنگل لگانے کے بعد کام بند کر دیا گیا، پی ایچ اے کے شروع کئے گئے نئے میواکی جنگل کے منصوبے بھی ادھورے چھوڑ دئیے گئے۔ شوکت خانم چوک، ٹھوکر نیاز بیگ اور پی آئی اے روڈ پر میواکی جنگل پر کام بند ہوگیا۔ ایل ڈی اے ایونیو ون ،موہلنوال اور جوبلی ٹاؤن کا میواکی جنگل منصوبہ ڈراپ ہوگیا۔ پی ایچ اے نے میواکی جنگل کے بجائے صرف شجرکاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ڈی جی پی ایچ اے طاہر وٹو کے مطابق شہر میں مختلف مقامات پر شجرکاری کے منصوبے شروع کئے ہیں، اڑھائی کروڑ پودے لگانے کے لئے گرین ماسٹر پلان بنایا ہے جو میاواکی جنگل سے زیادہ سود مند ثابت ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں