255کیثرالمنزلہ پلازوں میں خصوصی افراد کیلئے ویل چیئرریمپ نہ بن سکے
لاہور (شیخ زین العابدین) ایل ڈی اے بلڈنگ ریگولیشن کی خلاف ورزی پر 255 پلازوں کی فہرست تیار کی گئی، شعبہ ٹاؤن پلاننگ ان پلازوں میں ریمپ اور خصوصی افراد کے لیے واش رومز تعمیر نہ کرا سکا۔
تفصیلات کے مطابق ہائیکورٹ کا کمرشل پلازوں سے متعلق ایل ڈی اے کو سخت احکامات دیئے گئے مگر ایل ڈی اے کا شعبہ ٹاؤن پلاننگ پلازوں کو قانونی دائرہ کار میں لانے میں ناکام رہا، ہائیکورٹ کے احکامات پر کمرشل پلازوں میں خصوصی افراد کی رسائی آسان بنانے کا پلان بنایا گیا اور خصوصی افراد کے لئے ریمپ نہ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کرنا تھی لیکن دیگر منصوبوں کی ماند کچھ دن نوٹسز کے بعد یہ معاملہ ختم کر دیا گیا، ایل ڈی اے بلڈنگ ریگولیشن کی خلاف ورزی پر 255 پلازوں کی فہرست تیار کی گئی، گلبرگ میں 25 سے زائد پلازوں کو نوٹس جاری کیے گئے مگر ایل ڈی اے کا شعبہ ٹاؤن پلاننگ کسی ایک بھی پلازے کے خلاف کاروائی نہ کرسکا، چیف ٹاؤن پلانر ایل ڈی اے نے تمام ڈائریکٹرز کو خود نوٹس دینے کی ہدایت کی تھی، نوٹس میں پلازہ مالکان کو دو روز میں نوٹس کا جواب دینے کے احکامات بھی دیئے گئے ، ملبہ اور تجاوزات آپریشن کے درمیان ریمپ آپریشن بند ہوگیا ، موجودہ صورتحال میں عمارتوں میں خصوصی افراد کے لئے ویل چیئر ریمپ تعمیر نہ ہوسکے ، خصوصی افراد کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے خصوصی واش رومز اور ٹائلٹس تعمیر کرنے کا حکم عمل درآمد کا منتظر ہے ، اس سے قبل بھی ایل ڈی اے نے پلازہ مالکان کو ریمپ بنانے کی تنبیہ کی تھی۔