پنجاب میں نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2024 التوا کا شکار

پنجاب میں نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2024 التوا کا شکار

لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)پنجاب میں نیا لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2024 التوا کا شکار ہوگیا، چار ماہ میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت کمیٹی بلدیاتی قانون منظور نہ کرا سکی۔

تفصیل کے مطابق بلدیاتی مسودہ 2024 ماہ ستمبر میں نافذ کرنے کی منصوبہ بندی تو کی گئی لیکن تاحال مسودہ منظوری التوا کا شکار ہے ۔ذرائع کے مطابق مسودہ کے خدوخال میں میئر کا انتخاب جماعتی بنیادوں پر کرنے کی تجویز دی گئی۔ اربن رورل ایریاز کو مکمل تقسیم کرنے کی حد بندی کی جائے گی۔ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن بنائی جائیں گی۔ نئی مردم شماری کے مطابق بلدیاتی حلقہ بندی ہوگی، 20 ہزار سے کم آبادی میں یونین کونسلز قائم ہوں گی۔ مسودہ بلدتی ایکٹ کے مطابق لاہور میں یونین کونسلز کی تعداد 4 سو سے زائد کرنے کی تجویز دی گئی۔ 7 لاکھ سے اوپر آبادی کیلئے میٹروپولیٹن کارپوریشن بنائی جائیں گی۔پندرہ ہزار سے 50 ہزار آبادی تک ٹاؤن کمیٹی، 50 ہزار سے 2 لاکھ آبادی میں میونسپل کمیٹی بنائی جائے گی،دو لاکھ سے 5 لاکھ تک آبادی کیلئے میونسپل کارپوریشنز بنائی جائینگی۔ اس حوالے سے وزیر بلدیات کا کہنا ہے مسودہ آخری مراحل میں ہے، بہت جلد منظور کرالیا جائے گا، بلدیاتی اداروں کی مدت 4 سال مقرر کرنے کی تجویز ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں