2 لاکھ گلیوں میں فراہمی و نکاسی آب کے کام: 7 ارب 88 کروڑ روپے مختص

2 لاکھ گلیوں میں فراہمی و نکاسی آب کے کام: 7 ارب 88 کروڑ روپے مختص

لاہور(شیخ زین العابدین)لاہور کے 6 زون کے گلی محلوں میں سیوریج اور واٹر سپلائی کے کاموں کے لئے 7 ارب 68 کروڑ روپے مختص کر دئیے گئے۔ 3 زون میں کام دوسرے مرحلے میں کیا جائے گا۔

تفصیل کے مطابق شہر کی 2 لاکھ گلیوں میں واٹر سپلائی اور سیوریج کی نئی پائپ لائنیں بچھائی جائیں گی۔ مالی سال 2024-25 میں واسا کے ہر زون کے لئے علیحدہ بجٹ مختص کیا گیا ۔ مختلف زون میں ری ویمپنگ کے لئے مجموعی طور پر 78 ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا۔ نشتر ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں کو ترقیاتی کاموں کے لئے 2زون میں تقسیم کر دیا گیا۔ نشتر ٹاؤن زون ون کیلئے 8 ارب کا تخمینہ لگایا گیا، رواں سال ایک ارب 55 کروڑ روپے جاری ہونگے ۔اسی طرح نشتر ٹاؤن زون ٹو کے لئے بھی 8 ارب کا تخمینہ لگایا گیا، رواں سال ایک ارب 55 کروڑ روپے جاری ہونگے۔ گنج بخش زون کیلئے 4 ارب 70 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا، رواں سال 90 کروڑ روپے جاری ہونگے۔ سمن آباد زون کیلئے 3 ارب 5 کروڑ کا تخمینہ، رواں سال 60 کروڑ روپے جاری ہونگے۔ شاہدرہ، کوٹ عبدالما لک اور راوی کے علاقوں کو بھی دو زون میں تقسیم کر دیا گیا۔ راوی زون ون کے لئے 7 ارب 80 کروڑ کا تخمینہ جبکہ ایک ارب 50 کروڑ کا اجرا ہوگا۔ راوی زون ٹو کے لئے 7ارب روپے کا تخمینہ، رواں سال ایک ارب 33 کروڑ روپے جاری ہونگے۔ گلبرگ زون کے لئے ایک ارب 20 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا، 25 کروڑ کا اجرا رواں مالی سال ہوگا۔ واہگہ، عزیز بھٹی اور علامہ اقبال زون میں ترقیاتی کام دوسرے مرحلے میں کئے جائیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں