سردیوں کی آمد: ایل پی جی مافیا متحرک، 300 روپے کلو تک فروخت
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)سرد موسم میں شدت آنے سے قبل ہی ایل پی جی مافیا متحرک ہو گیا،ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیا گیا، اوگرا اپنی ہی مقرر کردہ قیمتوں پر عمل درآمد کرانے میں مسلسل ناکام ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں ایل پی جی 280 سے 300 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگی جبکہ اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی فی کلو قیمت 251 روپے 30 پیسے مقرر کی گئی ہے ۔ شہر کے اکثر و بیشتر مقامات پر ایل پی جی سرکاری ریٹ کے مطابق دستیاب نہیں ، قیمتوں میں ہوشربا اضافے سے شہری اور چھوٹے دکاندار پریشان ہوگئے ۔ ڈسٹری بیوٹرز اور امپورٹرز اپنی من چاہی قیمت وصول کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ کو روکنے والا کوئی نہیں، ہر سال اسی طرح بلیک مارکیٹنگ سے کروڑوں روپے لوٹے جاتے ہیں۔ شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ حکومت مافیا کو کنٹرول کرے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا اور دیگر اداروں کی جانب سے بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں کے بجائے چھوٹے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے ، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 400 روپے تک خودساختہ اضافہ کیا گیا ہے ۔ دکانداروں کے مطابق ڈسٹری بیوٹرز اور امپورٹرز من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں اور زائد قیمت پر ایل پی جی خرید کر مہنگی فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔