گٹروں پر پلاسٹک ری سائیکل ڈھکن لگانے کا فیصلہ
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)مین ہول کورز چوری ہونے اور ٹوٹنے سے بچانے کا پلان بنا لیا گیا۔ واسا نے لاہور میں پلاسٹک ری سائیکل ڈھکن لگانے کا حتمی فیصلہ کرلیا۔
آر سی سی کے بجائے آر پی سی ڈھکن لگائے جائیں گے ۔ شہر میں 20 ہزار مین ہول کورز کو تبدیل کیا جائے گا،واسا نے پلاسٹک ری سائیکل ڈھکن خریدنے کیلئے 4 کروڑ 89 لاکھ 32 ہزار روپے کا تخمینہ لگا لیا،شعبہ پی اینڈ ایس رواں ماہ مین ہول کورز کی خریداری کرے گا۔ماضی میں واسا انتظامیہ پلاسٹک ری کمپوزٹ کے ڈھکن خریدنے سے متعلق تذبذب کا شکار رہی،افراط زر کے سبب واسا نے پلاسٹک ری کمپوزٹ کے نئے ڈھکن نہ خریدے ۔ ڈیڑھ سال بعد اب یونیفارم پالیسی کے تحت تمام مین ہولز پر پلاسٹک کور لگائے جائیں گے ۔ واسا انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پلاسٹک ری کمپوزٹ کے مین ہول کورز خریدنے کیلئے نئے ایم آر ایس ریٹ کے مطابق تخمینہ بنا لیا۔ رواں مالی سال پلاسٹک ری کمپوزٹ کے ڈھکن خریدے جائیں گے ۔