وزیر اعظم کے انتخابی حلقے کیلئے 15 ارب کے ترقیاتی منصوبے
لاہور(شیخ زین العابدین)وزیراعظم شہباز شریف کے انتخابی حلقہ کاہنہ اور نشتر ٹاؤن کے علاقوں میں 15 ارب کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائینگے، مجموعی طور پر 47 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کیا جائے گا۔
تفصیل کے مطابق لاہور میں نیا سیوریج اور واٹر سپلائی سسٹم بچھانے کیلئے 78 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج بنایا گیا، بیشتر علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے ٹینڈرز ایوارڈ کر دئیے گئے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے انتخابی حلقہ کیلئے بڑا ترقیاتی پیکیج دے دیا گیا۔کاہنہ اور نشتر ٹاؤن کے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو 2 حصوں میں تقسیم کر دیا گیا۔ نشتر ٹاؤن زون ون میں7ارب 82 کروڑ 50 لاکھ ،زون ٹو میں 7 ارب 86 کروڑ 60 لاکھ روپے سے ترقیاتی کام کئے جائیں گے ۔شہباز شریف کے انتخابی حلقے میں ترقیاتی کاموں کے بعد علاقے کو واسا سروس ایریا ڈکلیئر کیا جائے گا، دونوں پیکیج 30 جون 2026 تک مکمل کئے جائینگے۔