ایل ڈی اے کی کارروائیاں، 109 املاک سربمہر، 3 مسمار
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)ایل ڈی اے ٹیموں نے گزشتہ روز مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرکے 109 ملاک سربمہر جبکہ 3 املاک مسمارکر دیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ، فیصل ٹاؤن، نیو گارڈن ٹاؤن، شاہ جمال، شادمان، سمن آباد، گلشن راوی، علامہ اقبال ٹاؤن، سبزہ زار میں کارروائیاں کیں۔ ٹیموں نے گلبرگ، فیصل ٹاؤن، نیوگارڈن ٹاؤن میں 3 املاک مسمار جبکہ 21 املاک سیل کر دیں۔آپریشن سے پہلے ان املاک کو متعدد نوٹسز دیئے گئے تھے۔ ادھر ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے گزشتہ روز جی ون مارکیٹ جوہر ٹاؤن کا دورہ کیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے جی ون مارکیٹ کمرشل زون میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔جی ون مارکیٹ کمرشل زون میں انڈر گراؤنڈ وائرنگ پر کام جاری ہے ۔ سروسز کی شفٹنگ اور پہلے پورشن پر ٹف ٹائلز کا جلد آغاز کر دیا جائے گا۔دوسری جانب ایل ڈی اے ٹیموں نے مسلسل دوسرے روز بھی سبزہ زار کے مختلف بلاکس میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیااور بابو صابو، ٹرک سٹینڈ اورڈی بلاک سبزہ زار سے سرکاری زمین سے تجاوزات ہٹا دیں۔ ٹیموں نے سبزہ زار سکیم میں بلاک سی، بلاک کے اوربلاک ڈی میں بھی کارروائی کرتے ہوئے متعدد املاک سے تھڑے، شیڈز اور عارضی تجاوزات مسمار کر دیں۔آپریشن ڈائریکٹر ہاؤ سنگ فور یاور بشیر ورک کی نگرانی میں کیا گیا۔