وزیر اعظم کے حلقہ انتخاب میں 15 ارب کے ترقیاتی کام

وزیر اعظم کے حلقہ انتخاب میں 15 ارب کے ترقیاتی کام

لاہور(شیخ زین العابدین)لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت وزیراعظم کے انتخابی حلقے کے لئے بڑے ترقیاتی پیکیج پر کام شروع ہوگیا۔ ترقیاتی کاموں کے بعد ایریا واسا کے حوالے کر دیا جائے گا۔ 15 ارب روپے کی لاگت سے نیا سیوریج اور واٹر سپلائی سسٹم بچھایا جارہا ہے۔

تفصیل کے مطابق شہر لاہور میں نیا سیوریج اور واٹر سپلائی سسٹم بچھانے کے لئے 78 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج بنایا گیا ہے ، بیشتر علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے ٹینڈرز ایوارڈ کر دئیے گئے ۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ لاہور کے کچھ انتخابی حلقوں پر حکومت کی طرف سے نوازشات کی بھرمار کر دی گئی۔وزیر اعظم شہباز شریف کے انتخابی حلقے کو کارپوریشن کی حدود سے نکالنے کا فیصلہ کر لیا گیا،سیوریج اور واٹر سپلائی کا کام واسا کرے گی،ترقیاتی کاموں کے بعد علاقے کو واسا سروس ایریا ڈکلیئر کیا جائے گا۔ کاہنہ اور نشتر ٹاؤن کے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیا۔ نشتر ٹاؤن زون ون میں7ارب 82 کروڑ 50 لاکھ ، زون ٹو میں 7 ارب 86 کروڑ 60 لاکھ روپے سے ترقیاتی کام کئے جائینگے ،وزیر اعظم شہباز شریف کے انتخابی حلقے میں مجموعی طور پر 15ارب روپے سے زائد فنڈز خرچ کئے جائیں گے ۔ کاہنہ اور ملحقہ علاقوں میں کل 47 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کیا جائے گا۔ترقیاتی کاموں کے بعد علاقوں میں سیوریج واٹر سپلائی کی ذمہ داری واسا کی ہوگی۔ نشتر زون کے دونوں پیکجز کو 30 جون 2026 تک مکمل کیا جائے گا۔ یونین کونسل 228،242،243 اور 246 میں واٹر سپلائی اور سیوریج انفراسٹرکچر بچھایا جائے گا۔یونین کونسل 249 میں 6 ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائینگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں