دیہات میں شہری سہولیات پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ

لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے)وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ایسے منصوبے مکمل کریں گے جو قومی اثاثہ ثابت ہوں، وزیراعلیٰ مریم نواز ڈنگ ٹپاؤ منصوبوں کے کلچر کے خلاف ہیں،ان کے ویژن پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔
وہ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں منتخب دیہات میں میونسپل سروسز کی فراہمی کے پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور سپیشل سیکرٹری آسیہ گل نے بھی شرکت کی۔ پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی (پی آر ایم ایس سی) کے سی ای او اسداللہ نے اجلاس کو بریفنگ دی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ورلڈ بینک کے تعاون سے پہلے مرحلے میں 16 تحصیلوں کے 1802 دیہات کی اپ گریڈیشن ہوگی۔وزیر بلدیات نے بند ڈرین بنانے کی تجویز سے عدم اتفاق کرتے ہوئے کہا دیہی معاشرے میں مویشی پالنے کے کلچر کے باعث گوبر سے بند ڈرین مسائل پیدا کرسکتی ہے۔