روڈ کٹ کی اجازت نہ ملنے سے بند روڈ سیوریج منصوبہ التوا کا شکار

لاہور (شیخ زین العابدین) وزیر اعلیٰ پنجاب کے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت بند روڈ پر سیوریج انفراسٹرکچر کی اپگریڈیشن کا منصوبہ معمہ بن گیا۔
واسا اور ٹریفک پولیس کے درمیان روڈ کٹ لگانے کے معاملے پر اختلافات شدت اختیار کرگئے، روڈ کٹ کی اجازت نہ ملنے سے منصوبہ تعطل کا شکار ہونے لگا۔تفصیل کے مطابق واسا نے سیوریج لائن کے لئے روڈ کٹ لگانے کی اجازت مانگی لیکن ٹریفک پولیس نے انکار کر دیا۔ واسا نے معاملہ روڈ کٹ کمیٹی کو بھیجا، جس نے اجازت دے دی، مگر ٹریفک پولیس نے کھدائی سے روک دیا۔اس سے قبل چیمپئنز ٹرافی اور رائیونڈ اجتماع کے باعث بھی روڈ کٹ کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ اب عید الفطر پر بند روڈ پر بڑھتی ہوئی ٹریفک کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی اجازت نہیں مل رہی۔واسا نے بند روڈ پر جہازی سائز کے پائپ لا کر رکھ دئیے لیکن تعمیراتی کام آگے نہیں بڑھ سکا۔ اداروں کے درمیان یہ تنازع لاہور ڈویلپمنٹ پیکیج کو شدید متاثر کر رہا ہے ۔دو اداروں کی آپسی کشمکش ترقیاتی منصوبے میں رکاوٹ بن رہی ہے جبکہ تعمیراتی کام رکنے سے شہری بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ واسا اور ٹریفک پولیس کے اختلافات حل نہ ہوئے تو یہ منصوبہ مزید تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے ۔واسا انتظامیہ نے ایک بار پھر روڈ کٹ لگانے کی مشروط اجازت دینے کیلئے ٹریفک پولیس سے رجوع کر لیا۔