عدم ادائیگی پر ہسپتالوں میں سامان کی قلت کا خدشہ:پیمڈا
لاہور (ہیلتھ رپورٹر ) پاکستان الیکٹرومیڈیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پیمڈا) کے عہدیداروں نے لاہور میں پریس کانفرنس کی۔
صدر پیمڈا بابر کیانی کا کہنا تھا سرکاری ہسپتالوں میں اس وقت طبی آلات، ادویات، سرجیکل و ڈسپوزیبل سامان، مشینری اور تشخیصی ٹیسٹوں کی کٹس کی شدید قلت کا خدشہ ہے ، ہماری مختلف کمپنیاں مشینری، آلات، ڈسپوزبلز فراہم کرتی ہیں۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں نے ہمارے دس سے پندرہ ارب روپے ادا کرنا ہیں، بقایا جات بڑھنے سے ہسپتالوں میں سپلائی دینا مشکل ہو چکا ہے ، کئی کمپنیاں سپلائی دینے سے قاصر ہیں ۔میو ہسپتال کا واقعہ اسی وجہ سے ہوا کیوں کہ ادائیگیاں نہ ہونے پر سپلائی بند تھی۔ میڈیکل ایکویمپنٹ کی بڑی قلت پیدا ہونے جارہی ہے ، ہسپتالوں کو دینے کیلئے ہمارے پاس سامان نہیں ہوگا۔اگر میو ہسپتال کے پاس سب دستیاب تھا تو 34 کروڑ فوری کیوں جاری کئے گئے ،وزرائے صحت، سیکرٹر ی صحت اور وزیراعلیٰ سے درخواست ہے کہ ہماری بات سنیں۔بابر کیانی کا مزید کہنا تھا ہماری تمام ڈیوائسز بیرون ملک سے امپورٹ ہوتی ہیں ڈریپ کی رجسٹریشن تاخیر سے ہورہی ہے ،وفاقی حکومت مسئلہ حل کرے ڈیوائسز امپورٹ نہ ہونے سے بڑی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔