ٹیکس اہداف نامکمل، افسروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

لاہور( ایجوکیشن رپورٹر)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے ٹیکس اہداف پورا نہ کرنے والے افسروں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن عمر شیر چٹھہ نے کہا ریکوری ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے افسروں کو بھی اپنی کارکردگی کا حساب دینا ہو گا ،ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں کی فہرستیں مرتب کی جا رہی ہیں ،ریکوری میں ناکامی پر ای ٹی اوز اور انسپکٹرز کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں گے ،شوکاز کے بعد تنخواہوں میں کٹوتی اور سال کے اختتام پر عہدوں سے برطرفی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا پراپرٹی ٹیکس نادہندہ کی سیل شدہ پراپرٹی غیر قانونی طور پر کھولنے پر مقدمہ درج ہوگا،28 ارب سے زائد ریکوری ٹارگٹ پورا کرنے کیلئے ای ٹی اوز آپریشنز کی براہ راست مانیٹرنگ کریں گے ۔ انہوں نے کہا پچھلے 12 دنوں میں لاہور میں 86کروڑ کی نادہندہ 12 ہزار جبکہ پنجاب بھر میں ڈیڑھ ارب کی نادہندہ 38ہزار پراپرٹیز سیل کی گئیں، لاہور میں 11 کروڑ روپے کی ادائیگی پر 3600پراپرٹیز جبکہ صوبے بھر میں 83 کروڑ ادائیگی پر 11 ہزار پراپرٹیز بحال کی گئیں۔