پی ایچ اے :تقریبات کیلئے پارکوں کی فیسوں میں اضافہ

پی ایچ اے :تقریبات کیلئے پارکوں کی فیسوں میں اضافہ

لاہور (شیخ زین العابدین)عوام کے خوشی کے لمحات بھی حکومت نے مہنگے کر دئیے ، پی ایچ اے نے پارکوں کی فیس میں بھاری اضافہ کر دیا۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے میٹنگ منٹس میں نئی فیسیں نافذ العمل کر دی گئیں۔

 دستاویزات کے مطابق پی ایچ اے نے پارکوں کی بکنگ فیس میں بھاری اضافہ کر دیا جس کے بعد عام دنوں میں شادی بیاہ یا دیگر تقریبات کے لئے پارکوں کی فیس 5,082 روپے سے بڑھ کر 7,000 روپے یومیہ ہو گئی جبکہ عیدین یا دیگر خاص مواقع پر فیس 8,712 روپے سے بڑھا کر 12,000 روپے مقرر کر دی گئی ۔ پی ایچ اے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 25ویں اجلاس میں اس اضافے کی منظوری دے دی گئی۔ اس سے قبل مالی سال 2023-24 میں بھی پارکوں کی فیس میں 20 فیصد اضافہ کیا گیا تھا جبکہ اب مالی سال 2024-25 کے لئے مزید 10 فیصد اضافہ کیا گیا ۔مذہبی تقریبات پر بھی اضافی بوجھ ڈال دیا گیا ۔ محفل میلاد، نعت خوانی اور چہلم جیسی تقریبات جو پہلے پارکوں میں بغیر کسی فیس کے منعقد کی جا سکتی تھیں اب ان پر بھی کل فیس کا 50 فیصد وصول کیا جائے گا۔ شہریوں نے پی ایچ اے کے اس اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے جینا محال کر رکھا ہے اور اب سستی تقریبات کے مواقع بھی چھینے جا رہے ہیں۔بورڈ آف ڈائریکٹرز کے میٹنگ منٹس کے اجرا کے بعد متعلقہ ہارٹی کلچر ڈائریکٹوریٹ اور کوآرڈی نیشن ڈائریکٹوریٹ کو نئے ریٹس کے مطابق بکنگ کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں