لاہور چیمبر کا پانی کے بڑھتے بحران پر تشویش کا اظہار

لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں ابوذر شاد اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے مشترکہ بیان پاکستان میں پانی کے بڑھتے ہوئے۔۔۔
بحران پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ فوری اقدامات کئے جائیں، کالاباغ ڈیم کی تعمیر اور چولستان کینال کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا پاکستان میں ہر سال تقریباً 35 ملین ایکڑ فٹ پانی ضائع ہو کر سمندر میں گر رہا ہے کیونکہ اسے ذخیرہ کرنے کے لئے ڈیم نہیں ہیں۔ اس سنگین صورتحال کے باعث پاکستان کو ایک تباہ کن بحران کا سامنا ہے جس کے حل کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا پاکستان میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت خطرناک حد تک کم ہوکر صرف 30 دن کی ضروریات پوری کرنے کے قابل رہ گئی ہے جبکہ عالمی معیار کے مطابق کم از کم 120 دن کے ذخائر ہونا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کالا باغ ڈیم کی تعمیر میں مزید تاخیر کی گئی تو ملک کو پانی کی شدید قلت، زرعی پیداوار میں نمایاں کمی اور توانائی بحران جیسے سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔