پنجاب یونیورسٹی :جمعیت کی افطاری پر کارکنان انتظامیہ تصادم

لاہور(خبر نگار)پنجاب یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے انتظامیہ سے بغیر اجازت افطاری منعقد کرنے پر گارڈز اور جمعیت کے کارکنان میں تصادم ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت کی جانب سے افطاری کے لیے یونیورسٹی میں سامان لانے کی کوشش کی گئی تو انتظامیہ نے گیٹ بند کردیئے جس پر کارکنان مشتعل ہوگئے اور انہوں نے روڈ بلاک کردی ۔ اس اثنا میں طلبہ اور گارڈز کے درمیان تصادم بھی ہوا۔ انتظامیہ نے پولیس کو طلب کرلیا۔ پولیس اور کارکنان میں مذاکرات کے بعد سامان اندر پہنچا دیا گیا ۔ جمعیت کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں دیگر طلبہ تنظیموں کو ہر طرح کی تقریبات منعقد کرنے کی اجازت مگر جمعیت پر پابندی لگائی جارہی ہے ۔ترجمان پنجاب یونیورسٹی کا کہنا تھا کہ جمعیت نے گرینڈ افطار ڈنر کی اجازت نہیں لی۔ بعدازاں افطار ڈنر کاانعقاد ہوگیا، جس میں طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد شریک ہوئی ۔