پوسٹ گریجوایٹ کلینیکل پروگرامز کے نصاب میں تبدیلی کا فیصلہ

لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے پوسٹ گریجوایٹ کلینیکل پروگرامز کے نصاب میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں طے کیا گیا کہ ایم ڈی، ایم ایس اور ایم ڈی ایس کے ساتھ ساتھ تمام پوسٹ گریجوایٹ ڈپلومہ پروگرامز کو کمپی ٹینسی بیسڈ بنایا جائے گا ۔ ہر پروگرام میں طلبہ کے لیے لازمی مہارتیں پہلے سے نصاب میں شامل ہوں گی جس سے ان کی پیشہ ورانہ تربیت مزید مؤثر ہوگی۔وائس چانسلر یو ایچ ایس نے ہدایت کی کہ 60 پوسٹ گریجوایٹ پروگرامز کے نصاب کو جلد از جلد جدید خطوط پر استوار کیا جائے ۔ ان پروگرامز میں 48 ماسٹر ڈگری اور 12 ڈپلومہ پروگرامز شامل ہیں۔ مزید برآں ریزیڈنٹس کے لیے کلینیکل سکلز ورکشاپس متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ عملی تربیت کو مزید بہتر بنایا جا سکے ۔پوسٹ گریجوایٹ ریزیڈنسی پروگرامز کی مانیٹرنگ یو ایچ ایس کے آن لائن پورٹل کے ذریعے ہوگی جبکہ سپروائزرز کو ادارے کے سربراہ کے ذریعے ہر سہ ماہی پراگریس رپورٹ جمع کرانے کا پابند بنایا جائے گا۔