پرانا راوی پل خستہ حال، بحالی منصوبہ التوا کا شکار

لاہور (سٹاف رپورٹر سے) پرانا راوی پل خستہ حالی کا شکار ہو گیا، مرمت کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سمری ارسال کی گئی جس میں 22 کروڑ 53 لاکھ 57 ہزار روپے کے فنڈز کا تخمینہ لگایا گیا۔
وزیر اعلیٰ نے منصوبے کی منظوری تو دے دی لیکن تاحال مکمل فنڈز جاری نہیں کئے گئے ۔ فنڈز جاری نہ ہونے سے منصوبہ تعطل کا شکار ہے ۔ تفصیل کے مطابق پرانا راوی پل کا اسفالٹ جگہ جگہ سے اکھڑ چکا ہے ، جوائنٹس کمزور اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو رہی ہے ۔پل سے روزانہ ہزاروں گاڑیاں گزرتی ہیں، مرمت نہ ہونے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ پل کے ٹوٹ پھوٹ کے شکار جوائنٹس اس کے سٹرکچر کے لئے بھی خطرہ بن چکے ہیں۔ شہریوں کیلئے پل پر سفر کرنا کسی امتحان سے کم نہیں، کیونکہ ہر وقت ٹریفک جام اور سڑک کی خراب صورتحال پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے ۔ٹریفک کی سست روی کے باعث آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ،پل پر ہر وقت دھواں اور گرد و غبار چھایا رہتا ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو فوری طور پر اس پل کی مرمت کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔پنجاب حکومت کی جانب سے ابھی تک صرف5کروڑ60لاکھ روپے جاری کئے گئے ، جس کے باعث یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہو گیا ۔ایل ڈی اے کا کہنا ہے کہ مکمل فنڈز کے اجرا کے بغیر پل کی مرمت کا کام شروع کرنا ممکن نہیں۔