پبلک ٹرانسپورٹ کے روٹ پرمٹس کی تجدید تعطل کا شکار

پبلک ٹرانسپورٹ کے روٹ پرمٹس کی تجدید تعطل کا شکار

لاہور(شیخ زین العابدین)پنجاب بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے روٹ پرمٹس کی تجدید کا عمل تعطل کا شکار ہو چکا ہے۔ پنجاب میں اس وقت 1400 سے زائد فعال ٹرانسپورٹ روٹس پر جاری کردہ روٹ پرمٹس کی تجدید کا عمل مکمل طور پر بند ہو چکا ہے۔

 اس تعطل کی وجہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے شروع کیا گیا ڈیجیٹل روٹ پرمٹ نظام ہے ، جو ڈیڑھ ماہ گزرنے کے باوجود تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔نئے نظام کے تحت پرمٹس کے اجرا اور تجدید کو مکمل طور پر آن لائن کرنے کا منصوبہ بنایا گیا، جس کی ذمہ داری محکمہ ٹرانسپورٹ کے آئی ٹی ونگ اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو سونپی گئی۔ ڈیجیٹل سسٹم کی سست روی کے باعث محکمے نے تمام پرانے روٹ پرمٹس کی تجدید بھی روک دی ہے ، جس کے باعث ہزاروں ٹرانسپورٹرز اپنی گاڑیاں سڑکوں پر نہیں چلا پا رہے ۔روٹ پرمٹس کی عدم دستیابی کے باعث پنجاب پولیس، ٹریفک وارڈنز اور پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے اہلکار روزانہ کی بنیاد پر ٹرانسپورٹرز کی گاڑیوں کو جگہ جگہ روک کر چالان کر رہے ہیں اور بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں