وائس چانسلرز کی کارکردگی جانچنے کیلئے فریم ورک متعارف
لاہور(عاطف پرویز سے )پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے وائس چانسلرز کی کارکردگی جانچنے کے لیے پہلی دفعہ کی پرفامنس انڈیکیٹر جاری کردیے ہیں ۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں احتساب، شفافیت اور بہتری کو فروغ دینے کے لیے 200 نمبروں پر مشتمل ایک فریم ورک متعارف کرایا گیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اب جامعات کی کارکردگی صرف ڈگریوں یا درجہ بندیوں سے نہیں، بلکہ 12 جامع اشاریوں پر جانچی جائے گی۔ اکیڈمک و تحقیقی برتری، قیادت، مالی نظم و نسق اور پائیدار ترقیاتی اہداف اس نئے نظام کا حصہ ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ یونیورسٹی کے قیام کی بنیاد پر بھی کارکردگی کا الگ الگ معیار طے کیا گیا ہے ۔2202 سے پہلے قائم ہونے والی جامعات کے لیے معیار سخت ہوگا، جبکہ 2002 سے 2015 اور 2015 کے بعد قائم ہونے والی جامعات کو عمر کے لحاظ سے ریلیف دیا گیا ہے ۔وائس چانسلرز کی اب معروضی اور شفاف انداز میں کارکردگی جانچی جائے گی۔ ہر شعبے کو مخصوص وزن دیا گیا ہے ، جیسے تحقیق کو 35، انتظامی کاکردگی کو 30 اور مالیاتی نظم و نسق کو 30 نمبر دیے گئے ہیں۔