اسرائیلی مظالم پر مسلم حکمرانوں کی بے حسی افسوسناک : زوار بہادر

 اسرائیلی مظالم پر مسلم حکمرانوں کی بے حسی افسوسناک : زوار بہادر

لاہور(سیاسی نمائندہ)جمعیت علما پاکستان کی سپریم کونسل کے چیئرمین علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا غزہ میں فلسطینی نہتے عوام پرامریکی سرپرستی میں اسرائیلی مظالم پر اُمت مسلمہ کے حکمرانوں کی خاموشی اور بے حسی انتہائی افسوسناک ہے۔۔۔

 بعض مسلم حکمرانوں کا بیان کی حد تک مذمت کرنا فلسطینی مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے ۔فلسطینی عوام کا پاکستان سے مدد طلب کرنا اور ہمارے حکمرانوں کا بے حس و حرکت خاموش رہنا فلسطینیوں کے قتل عام میں شامل ہونے کے برابر ہے ۔انہوں نے کہا مسلمان حکمرانوں نے شاید یہ سوچ رکھا ہے کہ فلسطینی عوام کا ساتھ دینے سے ان کے اقتدار کو خطرات لاحق ہو جائیں گے مگر اب یہ سب کچھ الٹ ہو گا اور اُمت مسلمہ کے حالات سے بے خبر حکمران جلد اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے ۔ انہوں نے کہا مسلم ممالک کے عوام میں اپنے بے غیرت اور امریکی ایجنٹ حکمرانوں کے خلاف نفرت بڑھ رہی ہے ،ٹرمپ نے امریکہ کے مسلمانوں سے دنیا میں جنگ ختم کرنے کا وعدہ کر کے ووٹ حاصل کئے مگر اقتدار میں آتے ہی اس نے اسرائیلی وزیراعظم کے ساتھ مل کر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے خلاف جنگی محاذ کو ایک بار پھر گرم کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبرگ میں غزہ میں عوام پر ظلم اور بربریت کے خلاف لبرٹی چوک میں احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔دیگر مظاہروں میں علامہ حافظ نصیر احمد نورانی،مفتی محمد سلیمان قادری،پیر سیدمنور حسین شاہ،مفتی تصدق حسین،مولانا مختار احمد صدیقی،حافظ محمد سلیم اعوان،مفتی غلام رسول جلالی،مفتی محمد جمیل نورانی،مولانا حاجی محمد شوکت،پروفیسر محمد ارشد مہر، حافظ لیا قت علی رضوی،حافظ مستنصر احمد نورانی،مولانا عطا الرحمن نقشبندی اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں