پلاٹ مالکان ڈیویلپمنٹ چارجز کے 1ارب کے نادہندہ نکلے

لاہور (شیخ زین العابدین) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سب سے بڑی ہاأؤسنگ سکیم ایل ڈی اے سٹی میں ڈیویلپمنٹ چارجز کی عدم ادائیگی سے ایک ارب روپے سے زائد کی ریکوری خطرے میں پڑ گئی ہے۔
اتھارٹی نے الاٹیز کو واجبات ادا کرنے کے لیے آخری موقع دے دیا ہے ، بصورت دیگر 17.5 فیصد سرچارج اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق اتھارٹی نے پہلی و دوسری قرعہ اندازی کے الاٹیز کو دو ماہ کی مہلت دے دی ہے ۔ مقررہ وقت میں ادائیگی پر کوئی سرچارج نہیں لگے گا، لیکن اس کے بعد 17.5 فیصد سرچارج لاگو ہوگا اور معاملہ سپروائزری کمیٹی کو بھجوا دیا جائے گا۔اقبال سیکٹر میں ڈیویلپمنٹ ورک نہ ہونے کے باعث الاٹیز نے چارجز جمع نہیں کرائے ۔ اب انہیں 30 جون 2025 تک کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے ۔رقم جمع نہ کرانے کی صورت میں ان کے کیس بھی کمیٹی کے سپرد کیے جائیں گے ، جو پلاٹ کینسلیشن سمیت دیگر آپشنز پر غور کرے گی، ایل ڈی اے نے الاٹیز کو آخری موقع دے دیا ہے ، اگر یہ موقع بھی ضائع ہو گیا تو نہ صرف الاٹیز کو سرچارج اور قانونی پیچیدگیوں کا سامنا ہوگا بلکہ ایل ڈی اے سٹی کا مستقبل بھی مزید غیر یقینی کا شکار ہو جائے گا۔