منصوبہ بندی کا فقدان : سیوریج بچھانے کیلئے نئی سڑک کی اکھاڑ پچھاڑ

منصوبہ بندی کا فقدان : سیوریج بچھانے کیلئے نئی سڑک کی اکھاڑ پچھاڑ

لاہور(شیخ زین العابدین)صوبائی دارالحکومت میں سیوریج لائن بچھانے کی غرض سے خیابانِ فردوسی جوہر ٹائون کی نئی سڑک صرف ایک سال بعد ہی اکھاڑ دی گئی،واسا کی منصوبہ بندی پر سوالیہ نشان پیدا ہوگیا۔۔۔

 سروس روڈ پر سیوریج لائن بچھانے کا پلان بنایا، مرکزی شاہراہ اکھاڑنے سے تعمیراتی لاگت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا۔ تفصیل کے مطابق شہر کی مرکزی شاہراہ خیابانِ فردوسی کو ایک بار پھر کھود دیا گیا، جس سے نہ صرف ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا بلکہ اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی فنڈز پر بھی سوال اٹھ گئے ۔ذرائع کے مطابق واسا جوبلی ٹاؤن ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے جاری سیوریج لائن کی تنصیب کے دوران مبینہ طور پر ابتدائی منصوبہ بندی کو نظر انداز کیا گیا۔ شروع میں یہ طے تھا کہ سیوریج لائن شوکت خانم سے اللہ ہو چوک تک سروس روڈ کے نیچے بچھائی جائے گی۔ یہی پلان پی سی ون کا حصہ تھا اور اسی کے مطابق لاگت کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔تاہم اب واسا نے اچانک منصوبے میں تبدیلی کرتے ہوئے سروس روڈ کے بجائے مرکزی خیابانِ فردوسی روڈ کو کھودنا شروع کر دیا جو نہ صرف ٹریفک کے شدید مسائل کا باعث بن رہا ہے بلکہ پہلے سے موجود نئی سڑک کو ضائع کرنے کے مترادف ہے ۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ واسا نے ایل ڈی اے کو پیشگی اطلاع دئیے بغیر سڑک کھودنے کا عمل شروع کر دیا، اب منصوبے میں تبدیلی کرنے سے لاگت میں 25 سے 30 فیصد اضافے کا خدشہ ہے۔ ایل ڈی اے ذرائع کے مطابق نئی سڑک کی دوبارہ تعمیر کے لئے اضافی فنڈز درکار ہوں گے۔ ایل ڈی اے نے اس عمل پر سخت اعتراض کرتے ہوئے واسا کو تحریری خط لکھ کر وضاحت طلب کر لی۔ خط میں نہ صرف منصوبے میں تبدیلی پر اعتراض کیا گیا بلکہ اضافی فنڈز کی وضاحت بھی طلب کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں