پنجاب:ستمبر میں مزید 500 الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ
لاہور(این این آئی)پنجاب حکومت نے جدید سفری سہولیات کیلئے بڑا فیصلہ کیا ہے اور لاہورسمیت پنجاب بھر میں مزید پانچ سو الیکٹرک بسیں دسمبرکے بجائے ستمبر میں سڑکوں پر نظر آئیں گی۔
حکومت کی جانب سے مختلف غیرملکی کمپنیوں کے بجائے ایک ہی کمپنی سے معاہدے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، کمپنی سے بسوں کی خریداری، آپریشنل اور مینٹیننس معاملات کا کنٹریکٹ کیا جائے گا،بسوں کے مینٹیننس و آپریشنل معاملات 12سال کے لئے واہ انڈسٹریز لمیٹڈ سنبھالے گی۔بسوں کی فراہمی کے ساتھ کمپنی بس اڈوں کی تعمیر بھی کرے گی۔واہ انڈسٹریزپہلے 80 فیصد بسیں خریدے گی جبکہ بقیہ 20 فیصد فیصل آباد میں مقامی سطح پر تیارکی جائیں گی،مختلف کمپنیوں کے بجائے ایک ہی لوکل کمپنی کو ٹھیکہ دینے سے ایک ارب پانچ کروڑ سے زائد فنڈز کی بچت ہوگی۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور میں مزید248 بسیں چلائی جائیں گی جبکہ راولپنڈی، فیصل آباد ، ملتان ، بہاولپور میں بھی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔راولپنڈی میں 63 بسوں کی خریداری اور بس اڈے کی تیاری پر 6 ارب 22 کروڑ ،فیصل آباد میں 86 بسوں کی خریداری و بس اڈے کی تیاری پر 11ارب 85 کروڑ ،ملتان میں69 بسوں کی خریداری و بس اڈے کی تیاری پر 7 ارب 73 کروڑ اوربہاولپور میں 34 بسوں کی فراہمی و بس اڈے کی تیاری پر 4ارب 4کروڑ لاگت آئے گی۔