نرخنامے نظر انداز، سبزیاں 100 فیصد تک مہنگی فروخت
لاہور(کامرس رپورٹر سے)مارکیٹ میں سبزیوں کے نرخوں میں کمی تو ہوئی لیکن ریٹ لسٹ پر بدستور عملدرآمد نہیں کیا گیا۔مارکیٹ میں سبزیاں مقررہ نرخ سے کم از کم پچاس فیصد جبکہ لیموں 100 فیصد تک مہنگے بیچے گئے۔
برائلر گوشت کے نرخ میں مصنوعی تیزی رک گئی، 500 روپے کلو تک فروخت ہوا۔ پیاز اور ٹماٹر کا سرکاری نرخ بدستور 40 روپے کلو مقرر کیا گیا لیکن مارکیٹ میں 60 روپے کلو فروخت ہوئے ۔ آلو کا سرکاری نرخ 5روپے اصافے سے 50 روپے کلو رہا لیکن مارکیٹ میں 70 روپے کلو فروخت ہو ئے ۔لہسن چائنہ 345 کے بجائے 450 ،ادرک چائنہ 420 کی جگہ 500، لیموں 250 کے بجائے 500 ،بند گوبھی 50 اور پھول گوبھی 120 روپے کلو فروخت ہوئی۔ ادھر زندہ برائلر کا نرخ5روپے کمی سے 368 روپے کلو مقرر کیا گیا ، مارکیٹ میں برائلر گوشت 490 سے 520 روپے کلو تک فروخت ہوا،فارمی انڈے ایک روپیہ اضافے سے 248 روپے درجن رہے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کاغذوں میں سب اچھا ہے لیکن ریٹ سب کے اپنی مرضی کے ہیں۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق ریٹ لسٹوں پر عمل ہو تو عوام کو مہنگائی سے 50 فیصد مزید ریلیف مل سکتا ہے لیکن انتظامیہ ریٹ لسٹ جاری کر کے خاموش تماشائی بن جاتی ہے اور چند چالان جرمانے کر کے فائلوں کاپیٹ بھر دیتی ہے۔