سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کی نگرانی کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی قائم

سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کی نگرانی کیلئے سٹیئرنگ کمیٹی قائم

لاہور (اپنے سٹی رپورٹر سے) وزیراعلیٰ نے سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کی نگرانی کیلئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی سربراہی میں سٹیئرنگ کمیٹی قائم کر دی۔

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی ذیشان ملک، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور دیگر بطور ممبر شامل کئے گئے ۔ وزیر بلدیات نے پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کا دورہ کر کے پروگرام میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر سہیل کیفی بھی موجود تھے ۔ پی ایم ڈی ایف سی کے ایم ڈی سید زاہد عزیز نے پروگرام پر بریفنگ دی۔ ذیشان رفیق نے کہا پنجاب کے 35 اضلاع کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ترقیاتی کاموں کے لئے سروے مکمل کیا جا چکا ہے ۔ یہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی حکومت کا ایک اور میگا پراجیکٹ ہے جس کے تحت شہری علاقوں میں سیوریج، ڈرینج، بارانی پانی کے ذخیرے ، پارکس اور گلیوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے جبکہ ڈرینج کے نظام کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 59، دوسرے میں 110 شہروں کی اپ گریڈیشن ہوگی۔ وزیر بلدیات نے کہا ورلڈ بینک کے تعاون سے تیار کیا جانے والا منصوبہ شہروں کے برسوں سے جاری بنیادی خدمات کے مسائل کا خاتمہ کرے گا۔ انہوں نے کہا وزیراعلیٰ نے اگلے سال تک 50 شہروں میں منصوبہ مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا صوبائی سطح پر قائم سٹیئرنگ کمیٹی مقامی منتخب نمائندوں سے بھی مشاورت کر کے ضروری فیصلے کرے گی۔ ہر ضلع میں بھی سٹیئرنگ کمیٹی ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کام کرے گی۔ پہلی بار ہر شہر میں ڈرینج کا بائی سسٹم متعارف کرا رہے ہیں۔ خصوصی سیوریج لائنز بچھانے سے زیر زمین پانی کو ممکنہ آلودگی سے تحفظ ملے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں