مسافروں کی تعداد کم،ٹرینیں روزانہ منسوخ ہونے لگیں

مسافروں کی تعداد کم،ٹرینیں روزانہ منسوخ ہونے لگیں

لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے) ریلوے سسٹم پر مسافروں کی تعداد میں مسلسل کمی ہونے لگی جس کے باعث لاہور سے کراچی جانے والی ٹرینیں روزانہ کی بنیاد پر منسوخ ہونے لگیں۔

ریلوے انتظامیہ نے گزشتہ روز پھر 2 ٹرینوں کو منسوخ کردیا۔تفصیل کے مطابق ٹرینوں کی آمد و روانگی میں گھنٹوں تاخیر کے باعث ریلوے سسٹم پر مسافروں کی تعداد میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ گزشتہ روز کراچی جانے والی دو ٹرینیں منسوخ کردی گئیں ۔لاہور سے براستہ خانیوال، رحیم یار خان کراچی جانے والی پاک بزنس ایکسپریس، لاہور سے براستہ فیصل آباد کراچی جانے والی شاہ حسین ایکسپریس کو بھی منسوخ کردیا گیا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق بزنس ایکسپریس اور شاہ حسین ایکسپریس کے مسافروں کو دیگر ٹرینوں میں اکاموڈیٹ کیا گیا۔بزنس ایکسپریس کے مسافروں کو کراچی ایکسپریس میں اکاموڈیٹ کیا گیا۔کراچی ایکسپریس کراچی کیلئے شام 6 بجے لاہور سے روانہ ہوئی۔ شاہ حسین ایکسپریس کے مسافروں کو گرین لائن میں اکاموڈیٹ کیا گیا۔گرین لائن کراچی کیلئے رات 8 بجکر 50 منٹ پر لاہور سے روانہ ہوئی۔فیصل آباد سے بکنگ کر انے والے مسافروں کی ٹکٹیں ریفنڈ کی گئیں ، ٹرینیں منسوخ ہونے سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹرینیں منسوخ اور ٹکٹیں ریفنڈ ہونے سے ریلوے کو لاکھوں روپے نقصان کا سامنا ہے ۔ ریلوے حکام نے شاہ حسین ایکسپریس کے مسافر گرین لائن کی روانگی سے ایک گھنٹہ پہلے لاہور ریلوے سٹیشن پر آنے کی ہدایت کی ۔فیصل آباد سے شاہ حسین ایکسپریس میں کراچی جانے والے مسافروں کو فل ریفنڈ دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں