بینظیر بھٹو نے جدوجہد سے دنیا میں مقام بنایا:پی پی
لاہور(سپیشل رپورٹر)فخر ہے کہ ہم اس جماعت کے کارکن ہیں جس کی قیادت نے اپنی جانوں کی قربانی دی، بینظیر بھٹو نے اپنے وژن اور جدوجہد سے دنیا میں مقام بنایا۔
ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے زیر اہتمام ماڈل ٹاؤن سیکرٹریٹ میں سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی سالگرہ تقریب سے مہمان خصوصی چیئرمین بھٹو لیگسی فاؤنڈیشن بشیر ریاض،فیصل میر،آصف ہاشمی، شاہدہ جبیں،ڈاکٹرعائشہ شوکت، موسیٰ کھوکھر،سبط حسن اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر 60پاؤنڈ وزنی کیک بھی کاٹا گیا،جیالوں نے ،زندہ ہے بھٹو زندہ ہے ،زندہ ہے بی بی زندہ ہے کے نعرے لگائے جبکہ تقریب میں پارٹی ترانے بھی گونجتے رہے ۔نظامت کے فرائض احسن رضوی نے ادا کئے ۔تقریب کا آغاز علامہ یوسف اعوان نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف ہاشمی نے کہا محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی بالا دستی کیلئے صعوبتیں برداشت کیں،پنجاب میں دوبارہ اوپر آنے کیلئے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو محنت کرنا ہو گی۔فیصل میر نے کہا شہید محترمہ نے اس ملک اور جمہوریت پر دو احسان کئے ،اپنا شریک حیات بہادر شخص منتخب کیا جس نے طویل قید کاٹی اورصدر زرداری نے اپنے انتخاب کو درست ثابت کر دکھایا ۔دوسرے چیئرمین بلاول بھٹو کی ایسی تربیت کی کہ انہوں نے سفارتی محاذ پر بھارت کو عبرتناک شکست دی۔ڈاکٹر عائشہ شوکت نے کہا بے نظیر بھٹو ایک کامیاب سیاستدان کے علاوہ ایک مشفق ماں بھی تھیں۔تقریب میں میاں مصباح الرحمن،چودھری اسلم گل،نوید چودھری،عثمان ملک،چودھری اختر،مسز ناصرہ شوکت،شاہدہ جبیں،جہاں آراوٹو،میاں ایوب، ڈاکٹر خیام حفیظ،حاجی عزیز الرحمن چن،احسن رضوی، زاہد ذوالفقار،امجد جٹ ،میر شکیل چنی،شاہد عباس کاظمی،عابد صدیقی،چودھری سجاد نذیر،خالد بٹ،حافظ عامر شہزاد،عارف خان سمیت درجنوں کارکن شریک تھے۔