پری فرسٹ ائیر کلاسزکے باوجود تمام نصابی کتب عدم دستیاب
لاہور(عاطف پرویز سے)لاہور سمیت پنجاب بھر میں پری فرسٹ ائیر کلاسز کو شروع ہوئے تین سے چار ماہ گزر چکے ہیں مگر تاحال بازار میں تمام نصابی کتابیں دستیاب نہیں۔
اس صورتحال سے طلبا اور دکاندار دونوں شدید پریشان ہیں۔پری فرسٹ ائیر کے مختلف گروپس، بشمول پری انجینئرنگ، پری میڈیکل اور آرٹس کی کئی اہم کتابیں بازار میں نایاب ہو چکی ہیں۔ کیمسٹری، بائیولوجی، فزکس، میتھ، عربی، شہریت اور اردو کی کتابیں خصوصاً شارٹ ہو گئی ہیں جس کے باعث طلبا کی پڑھائی شدید متاثر ہو رہی ہے ۔مارکیٹ میں موجود دکانداروں کے مطابق جو کتابیں ابتدائی طور پر دستیاب تھیں، وہ فوراً فروخت ہو گئیں مگر اس کے بعد نیا بیچ بازار میں نہیں آیا۔ ایک دکاندار نے بتایا کہ\"جتنی کتابیں آئیں، وہ تو فوراً بک گئیں۔ نیا بیچ نہ آنے سے ہم بھی پریشان ہیں اور گاہک بھی۔\"دوسری جانب والدین اور طلبا کا کہنا ہے کہ کتابوں کی عدم دستیابی سے تعلیمی عمل متاثر ہو رہا ہے ۔ طلبا نے شکوہ کیا کہ کلاسز جاری ہیں لیکن کتابیں نہ ہونے کے باعث سمجھنے اور تیاری میں دشواری ہو رہی ہے ۔ پبلشرز ذرائع کے مطابق نئے بیچ کی طباعت میں تاخیر ہو رہی ہے ، جب کہ پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے بھی اس سلسلے میں کسی قسم کی گائیڈ لائن یا حکمت عملی سامنے نہیں آئی۔تعلیمی ماہرین کے مطابق کتابوں کی عدم دستیابی ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس سے نہ صرف طلبا کی تیاری متاثر ہو رہی ہے بلکہ تعلیمی سال کا تسلسل بھی خطرے میں پڑ سکتا ہے۔