وزیر صنعت وتجارت سے چین کے سرمایہ کاروں کی ملاقات
لاہور(خبرنگار)صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین سے چین کے آئی بی آئی انٹرنیشنل گروپ کے وفد نے پیسک ہاؤس میں ملاقات کی۔ سرمایہ کار گروپ کے چیئرمین ابراہیم منیر وفد کی قیادت کر رہے تھے۔
چین کے آئی بی آئی انٹرنیشنل گروپ نے ای وی سیکٹر، سولر پینلز مینوفیکچرنگ اور ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹس میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہمارا گروپ پنجاب میں مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ جوائنٹ وینچر بھی کرسکتا ہے ۔صوبائی وزیرنے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کا پر کشش مقام بنادیا ہے ،یہی وجہ ہے کہ چین اور جاپان سمیت متعدد غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں پنجاب میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کررہی ہیں ،چین کے آئی بی آئی انٹرنیشنل گروپ کی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے اور چین کے گروپ کو پنجاب میں سرمایہ کاری پر ہرممکن تعاون فراہم کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں ای وی سیکٹر،سولر مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا بہترین وقت ہے اور پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری پر خصوصی مراعات دی جارہی ہیں۔