پنجاب میں بلدیاتی الیکشن نہ کرانے پرفریقین معاونت کیلئے طلب

پنجاب میں بلدیاتی الیکشن نہ کرانے پرفریقین معاونت کیلئے طلب

لاہور(کورٹ رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ میں جماعت اسلامی ودیگر کی بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کیخلاف درخواست پر سماعت، عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب و دیگر فریقین کو معاونت کیلئے طلب کرلیا۔

امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاالدین انصاری کی درخواست میں حکومت ودیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ وکیل نے موقف اختیار کیا پنجاب میں بلدیاتی الیکشن نہیں کرائے جارہے آئین کے آرٹیکل 140 کے تحت بلدیاتی الیکشن کرانا لازمی ہے جمہوری نظام میں گراس روٹ لیول پر اختیارات منتقل کئے جاتے ہیں موجودہ ایکٹ میں بیورو کریسی کو مالی اختیارات دیئے گئے جومنتخب نمائندوں کی حق تلفی ہے ۔عدالت حکومت کو بلدیاتی الیکشن کرانے اورموجودہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کا حکم دے ۔ وکیل نے نکتہ اٹھایا الیکشن کمیشن کے جواب میں 71 اقدامات کا ذکر ہے ، لگتا ہے الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کرانے پرتیار ہے ، لاہور میں 502 یونین کونسلیں ہیں تمام ترقیاتی کام چیف منسٹر کررہی ہیں اربوں کے ترقیاتی منصوبوں پر خلاف آئین وقانون کام ہو رہا ہے۔ عدالت میں وفاقی و صوبائی حکومت، چیف سیکرٹری پنجاب اور صوبائی الیکشن کمیشن نے جوابات داخل کرا دیئے جن میں درخواست ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ جسٹس فاروق حیدر نے قرار دیاکہ اگر قانون ہی تیار نہ ہوا تو الیکشن کمیشن کیسے انتخابات کرائے گا ،لوکل گورنمنٹ الیکشن کرانا آئینی ذمہ داری ہے ، انتظامات دس سال تک نہ ہوں تو کیا الیکشن نہیں کرائے جائینگے ؟ ۔الیکشن کمیشن و دیگر فریقین 18 جولائی کو معاونت کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں