گندے پانی کے نکاس کیلئے 20نئے ڈسپوزل سٹیشنز تعمیر ہونگے
لاہور(سٹاف رپورٹر سے)لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت شہر سے گندے پانی کے نکاس کیلئے واسا نے اقدامات مزید تیز کر دیئے۔
شہرکے مختلف علاقوں میں 20 نئے ڈسپوزل سٹیشنز تعمیر ہونگے تاکہ نکاسی آب کانظام بہتر بنایا جا سکے ۔شہر میں اس وقت 128 ڈسپوزل و لفٹ سٹیشنز موجود ہیں مگر نئے علاقے شامل ہونے اور بڑھتی آبادی کے باعث نکاسی آب کا نظام دباؤ کا شکار ہے ۔ اسی تناظر میں واسا نے نئے ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر کیلئے کنٹریکٹرز کو ورک ایوارڈ کر دیا ہے اور منصوبے کی تکمیل کی ڈیڈ لائن جون 2026 مقرر کی گئی ہے ۔گلی محلوں اور مرکزی شاہراہوں سے سیوریج اوور فلو کو روکنے کیلئے یہ ڈسپوزل سٹیشنز اہم کردار ادا کریں گے ۔ واسا گلشن ریاض کالونی میں نیا ڈسپوزل سٹیشن تعمیر کرے گا، شفیق آباد ، امین پارک اوریوسف نگر میں بھی نئے ڈسپوزل سٹیشنز بنائے جائینگے۔ اعظم چوک ڈسپوزل سٹیشن پر پمپس کی تعداد بڑھائی جائیگی تاکہ زیادہ پانی نکالا جا سکے۔ نئے ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر کے بعد شہر میں انکی مجموعی تعداد ڈیڑھ سو تک پہنچ جائیگی جن سے نکاسی آب کے نظام کو مزید مستحکم بنانے میں مدد دے گی۔