126 کالجز کو آؤٹ سورس کرنے کیلئے ابتدائی فہرست تیار
50جنرل ، 76کامرس کالجز شامل ، زیادہ تر کم انرولمنٹ والے ادارے
لاہور (عاطف پرویز سے ) پنجاب میں سرکاری کالجز کو آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ تیزی سے حتمی مراحل کی جانب بڑھ رہا ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن نے صوبے بھر کے 50 جنرل کیڈر اور 76 کامرس کالجز کو آؤٹ سورس کرنے کے لیے ابتدائی فہرست تیار کر لی ہے ، جن میں زیادہ تر کم انرولمنٹ والے ادارے شامل ہیں۔محکمے نے آؤٹ سورسنگ ماڈل پر باضابطہ کام شروع کر دیا ہے اور اس حوالے سے فریم ورک مرتب کیا جا رہا ہے ۔ حکام کے مطابق اس پالیسی کا مقصد مالی بوجھ میں کمی، تعلیمی معیار میں بہتری اور انتظامی کارکردگی کو مؤثر بنانا ہے۔
تاہم، اس فیصلے نے اساتذہ برادری میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے ۔ اساتذہ تنظیموں نے کالجز کی آؤٹ سورسنگ کی سخت مخالفت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہآؤٹ سورسنگ سے سرکاری نظامِ تعلیم کمزور ہوگا اور اس کے اثرات براہِ راست طلبہ کے مستقبل پر پڑیں گے ۔اساتذہ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اخراجات کم کرنے کے نام پر مستقل اساتذہ کی جگہ کنٹریکٹ سٹاف لایا جا سکتا ہے جس سے تدریسی معیار متاثر ہو گا۔پنجاب حکومت 10 ہزار سے زائد سرکاری سکول آؤٹ سورس کر چکی ہے اور اب اس ماڈل کو کالجز تک توسیع دینے پر غور کر رہی ہے ۔