بغیر لائسنس ڈرائیورز کیخلاف آپریشن‘ شہری لائسنس مراکز پر خوار

بغیر لائسنس ڈرائیورز کیخلاف آپریشن‘ شہری لائسنس مراکز پر خوار

رکشہ ڈرائیورز کی لمبی قطاریں، آئے افراد بھی لائسنس بنوانے میں ناکام رہے

 لاہور (کرائم رپورٹر)موٹر وہیکل آرڈیننس میں ترمیم کے بعد بغیر لائسنس ڈرائیونگ کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، تاہم دوسری جانب ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ شہر بھر میں ہزاروں شہری لائسنس مراکز کے چکر لگاتے نظر آرہے ہیں مگر سہولیات نہ ہونے کے سبب لائسنس کے حصول میں کامیاب نہیں ہو پارہے ۔لاہور کے مناواں ڈرائیونگ لائسنس سینٹر کے باہر صبح سویرے سے ہی شہریوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ متعدد افراد صبح چھ بجے پہنچنے کے باوجود دوپہر تک اندر داخل نہیں ہوسکے۔

قطاروں میں رکشہ ڈرائیورز کی بڑی تعداد شامل رہی جبکہ قصور، شیخوپورہ، رائیونڈ اور دیگر دور دراز علاقوں سے بھی لوگ لائسنس بنوانے کیلئے پہنچے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ چھ چھ گھنٹے انتظار کے باوجود نہ لرنر لائسنس بن سکا اور نہ ہی ریگولر لائسنس کا اجرا ہوا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سفارشی افراد کو ترجیحی بنیادوں پر اندر بلا کر لائسنس جاری کیے جارہے ہیں جبکہ عام شہری لائنوں میں دھکے کھاتے رہتے ہیں۔رکشہ ڈرائیورز نے شکایت کی کہ اتوار کا دن خصوصی طور پر رکشہ ڈرائیورز کیلئے مختص کیا گیا ہے ، لیکن اس کے باوجود انہیں لائسنس کے حصول میں ناکامی کا سامنا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں