ڈیڑھ لاکھ لٹرملاوٹی دودھ ‘ 81 ہزار کلو گوشت تلف
لاہور کے داخلی راستوں ‘ ٹولنٹن مارکیٹ میں سپلائرز ‘ مارکیٹس کی چیکنگ
لاہور (آن لائن) چھٹی کے دن لاہور میں آنے والے دودھ اور گوشت کی چیکنگ کے دوران ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ٹیموں نے سخت کریک ڈاؤن کیا۔ علی الصبح لاہور کے داخلی راستوں اور ٹولنٹن مارکیٹ میں سپلائرز اور مارکیٹس کی تفصیلی چیکنگ کی گئی۔اس کارروائی کے دوران ایک لاکھ 50ہزار لٹر دودھ، 81ہزار 500کلو گوشت اور 2ہزار 185کلو بیمار یا مردہ مرغیاں تلف کی گئیں۔ 25دودھ بردار گاڑیاں، 20میٹ گودام اور مختلف سپلائرز کی چیکنگ کی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ 8ملک اینڈ میٹ سپلائرز کو بھاری جرمانے عائد کیے گئے ۔ تلف شدہ مرغیاں نزلہ، کم وزن اور مختلف امراض میں مبتلا پائی گئی تھیں۔ بیمار اور کم وزن مرغیاں ٹولنٹن مارکیٹ کی دکانوں پر سپلائی کی جانے والی تھیں۔ویٹرنری سپیشلسٹ نے برآمد شدہ بیمار مرغیوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور کہا کہ بیمار مرغیوں کا گوشت تیار کرنا سنگین جرم ہے ۔ فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں 3 شفٹوں میں فوڈ بزنسز کی کڑی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہیں۔