کئی یونین کونسلوں میں ترقیاتی کام شروع نہ ہوسکے
یوسی 102 میں سیوریج اور واٹر سپلائی کا کام ایک انچ بھی آگے نہ بڑھ سکا
لاہور (شیخ زین العابدین)شہر کی کئی یونین کونسلز میں ترقیاتی کام شروع نہ ہوسکے ۔ دستاویزات کے مطابق شہر کی متعدد سب سکیمیں آج بھی آغاز کی منتظر ہیں، جبکہ کئی مقامات پر فزیکل پراگریس بیس فیصد کی حد بھی عبور نہ کرسکی۔علامہ اقبال زون کی یونین کونسل 102 میں سیوریج اور واٹر سپلائی کا کام ایک انچ بھی آگے نہیں بڑھ سکا۔ یونین کونسل 109 میں بھی اسی نوعیت کی صورتحال ہے جہاں منصوبہ تاحال شروع ہی نہیں ہوا۔ ستوکتلہ کی یوسی 257 بھی صفر فزیکل پراگریس کے ساتھ فہرست میں شامل ہے ۔اقبال زون کے دیگر علاقوں کی حالت بھی اطمینان بخش نہیں۔ یوسی 96 میں صرف 13 فیصد پیش رفت ریکارڈ کی گئی، جبکہ یوسی 112 محض 8 فیصد تک محدود رہی۔ یونین کونسل 113 میں سیوریج اور واٹر سپلائی کی سرگرمیاں 8 فیصد پر رک گئیں، جبکہ یوسی 220 میں ترقیاتی کام 9 فیصد آگے نہ بڑھ سکے ۔مزید براں یونین کونسل 109 کی پیش رفت 14 فیصد سے اوپر نہ جا سکی اور روشن پارک میں جاری ترقیاتی سرگرمیاں بھی صرف 15 فیصد سطح پر تھم گئیں۔