شہر میں غیرقانونی سرگرمیوں کیخلاف گرینڈ آپریشن شروع
سکیموں کے دفاتر، باؤنڈری والز، گیٹس، سڑکیں اور دیگر سٹرکچرز مسمار
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر بھر میں غیرقانونی سرگرمیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے ۔ غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں اور کمرشل عمارتوں کے خلاف گرینڈ کریک ڈاؤن، آٹھ ہاؤسنگ سکیموں میں غیر قانونی سٹرکچر کو جزوی مسمار کر دیا، غیر قانونی 88 کمرشل املاک سربمہر کر دیں۔ تفصیلات کے مطاب لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں اور غیرقانونی کمرشل استعمال کے خلاف بیک وقت بھرپور کارروائیاں کی ہیں۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے ٹیموں نے ڈائریکٹر میٹرو پولیٹن زون فائیو کے علاقے میں آٹھ غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف آپریشن کیا۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے غیرقانونی سکیموں کے دفاتر، باؤنڈری والز، گیٹس، سڑکیں اور دیگر سٹرکچرز مسمار کر دیے ۔ کارروائی کی زد میں سپرنگ گارڈنز، احساس ولاز، مراکہ سٹی ہاؤسنگ سکیم، مراکہ مارکیٹنگ، احمد فارمز، وائیٹل آرچرڈ لینڈ سب ڈویژن، غیرقانونی فارم ہاؤسنگ بالمقابل رائل ریزیڈنشیا اور ویسٹ ووڈ کالونی شامل ہیں۔ آپریشن چیف میٹرو پولیٹن پلاننگ کی زیر نگرانی کیا گیا، جبکہ ان سکیموں کو کارروائی سے قبل متعدد نوٹسز بھی جاری کیے جا چکے تھے ۔دوسری جانب، ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی۔ واپڈا ٹاؤن، گلبرگ، ماڈل ٹاؤن، کینال بینک روڈ اور مصطفی ٹاؤن میں کیے گئے آپریشنز کے دوران 88 املاک سربمہر کر دی گئیں۔