وزیر منصوبہ بندی کی یو ای ٹی کو مسائل حل کرنیکی یقین دہانی
وائس چانسلر کی احسن اقبال کو اعلیٰ تعلیم ، تحقیقی بارے منصوبوں پر بریفنگ
لاہور ( خبر نگار) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے احسن اقبال کو اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جدت کے فروغ سے متعلق اہم منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ دوران گفتگو وائس چانسلر نے یو ای ٹی میں انویشن سینٹر اور انویشن پارک کے قیام، نیشنل سینٹر فار کوانٹم کمپیوٹنگ کے آغاز، یو ای ٹی کے طلبہ کے لیے جدید ہاسٹلز کی تعمیر، پاکستان کی پانچ بڑی یو ای ٹیز میں جدید آلات کی فراہمی کے منصوبے پیش کیے۔
اس کے علاوہ یو ای ٹی نیوز کیمپس کالا شاہ کاکو میں نئے اکیڈمک بلاک اور نارووال کیمپس میں فیکلٹی ریزیڈنسز کی تعمیر سے متعلق مجوزہ منصوبوں پر بھی وفاقی وزیر کو آگاہ کیا گیا۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے یو ای ٹی کے ان ترقیاتی اور تحقیقی منصوبوں کو سراہتے ہوئے اعلیٰ تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق کے فروغ کے لیے حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ایسے منصوبے ملکی معیشت، صنعت اور انسانی وسائل کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کریں گے ۔اس موقع پر کیمپس کوآرڈینیٹر نارووال کیمپس ڈاکٹر شہباز، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی، رجسٹرار محمد آصف، فیکلٹی ممبران اور دیگر انتظامی افسران بھی موجود تھے ۔