خواجہ معین الدین ؒ کاعرس ،حجرۂ اعتکاف کوغسل دیا گیا
اولیاکی تعلیمات معاشرے میں امن کو فروغ دے رہیں ، سیکرٹری اوقاف
لاہور(خبر نگار )سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ صوفیائے کرام کی تعلیمات آج بھی معاشرے کو امن، رواداری اور روحانی روشنی کی راہ دکھا رہی ہیں، مزارات پر زائرین کی خدمت محکمہ اوقاف کی اولین ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے یہ بات داتادربار میں حضرت خواجہ معین الدین چشتیؒ کے 814ویں سالانہ عرس کی تقریبات کے موقع پر کہی جو عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہیں۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ کی قیادت میں خواجہ معین الدین چشتیؒ کے حجرۂ اعتکاف کے غسل کی روح پرور تقریب ہوئی جس دوران حجرۂ اعتکاف کو عرقِ گلاب سے غسل دیا گیا، ہزاروں زائرین، مشائخ، علماء، سکالرز اور عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ مرکزی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور شاہد حسن کلیانی اور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اوقاف شاکر سندھو شریک ہوئے جبکہ خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی نے ملک و ملت کی سلامتی، امن اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کروائی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا داتادربار کی تعمیر، ترقی اور توسیع کے ساتھ ساتھ زائرین کو جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔