ایل ڈی اے پلاٹس کی قرعہ اندازی کا شیڈول جاری

ایل ڈی اے پلاٹس کی قرعہ اندازی کا شیڈول جاری

درخواست فارم آج سے دستیاب، جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 فروری مقرر

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )ایل ڈی اے نے شہریوں کو رہائشی و کمرشل پلاٹس آسان اقساط پر فراہم کرنے کیلئے آئندہ قرعہ اندازی کا شیڈول جاری کر دیا ۔ پلاٹس کی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی 24 فروری کو ہو گی جس میں جوہر ٹاؤن، ایل ڈی اے سٹی، چائنہ سکیم گجرپورہ، سبزہ زار اور موہلنوال کے پلاٹس شامل کیے گئے ہیں۔جوہر ٹاؤن آر بلاک میں 5 مرلہ کے 37 رہائشی پلاٹس،چائنہ سکیم گجرپورہ کے بی تھری اور سی تھری بلاکس میں 6 اور 7 مرلہ کے 15،15 کمرشل پلاٹس،سبزہ زار ایف بلاک میں 3 اعشاریہ 44 مرلہ کے 25 کمرشل پلاٹس ،موہلنوال ڈی بلاک میں 3 مرلہ کے 50 رہائشی پلاٹس جبکہ ایل ڈی اے سٹی کے اے ون بلاک میں ایک کنال کے 13 اور بی ون بلاک میں ایک کنال کے 17 رہائشی پلاٹس قرعہ اندازی میں شامل ہونگے ۔ایل ڈی اے کے مطابق شہریوں کو 3 سال کی مدت میں 12 مساوی اقساط کے ذریعے ادائیگی کی سہولت دی جا رہی ہے ۔ کامیاب امیدوار یکمشت ادائیگی پر5 فیصد رعایت کے حقدار ہونگے ۔درخواست فارم آج سے دستیاب اور جمع کرانے کی آخری تاریخ 11 فروری مقرر کی گئی ہے ۔جوہر ٹاؤن کے 5 مرلہ رہائشی پلاٹ کیلئے ناقابلِ واپسی فیس 20 ہزار ،ایل ڈی اے سٹی کے ایک کنال رہائشی پلاٹ کی فیس 10 ہزار ، سبزہ زار کے 3 اعشاریہ 44 مرلہ کمرشل پلاٹ کی فیس 12 ہزار ،چائنہ سکیم گجرپورہ کے 6 اور 7 مرلہ کمرشل پلاٹس کیلئے 8 ہزارجبکہ موہلنوال کے 3 مرلہ رہائشی پلاٹ کی فیس 5 ہزار رکھی گئی ہے ۔ شہری موبائل ایپ اور ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں ایل ڈی اے سٹیزن فیسلٹیشن سینٹر پر بھی درخواستیں جمع کرانے کی سہولت موجود ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں