ریلوے سٹیشن منصوبے کا تیسری مرتبہ حتمی ڈیزائن منظور

ریلوے سٹیشن منصوبے کا تیسری مرتبہ حتمی ڈیزائن منظور

سٹیشن کے سامنے مرکزی شاہراہ پر تین لین کو ڈراپ لین کا درجہ دے دیا گیا

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیرِ انتظام ریلوے سٹیشن اپ گریڈیشن منصوبے کا تیسری مرتبہ حتمی ڈیزائن منظور کر لیا گیا ہے ۔ ابتدائی طور پر تیار کیے گئے دو ڈیزائنز میں متعدد ترامیم کے بعد نیا ڈیزائن فائنل کیا گیا، جس کا عکس سب سے پہلے لاہور نیوز نے حاصل کیا ہے ۔منظور شدہ ڈیزائن کے مطابق ریلوے سٹیشن کے برآمدے کے باہر موجود تمام ایریا کو باقاعدہ سڑک کا حصہ بنا دیا گیا ہے ، جبکہ سٹیشن کے سامنے مرکزی شاہراہ پر تین لین کو ڈراپ لین کا درجہ دے دیا گیا ہے ۔ سٹیشن کے سامنے ایک الگ لین کو پارکنگ ایریا کی جانب جانے والے راستے کے طور پر مختص کیا گیا ہے ۔ ریلوے سٹیشن کے قریب دو مختلف مقامات پر پارکنگ سٹینڈز تعمیر کیے جائیں گے ، جبکہ سٹیشن کے سامنے موجود گول چکر پر دو سو گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش رکھی گئی ہے ۔ ریلوے سٹیشن کے بائیں جانب ایک بڑا پارکنگ ایریا بنایا جائے گا جہاں تئیس بسوں، دو سو پچانوے موٹر سائیکلوں اور چار سو گاڑیوں کی پارکنگ ممکن ہو سکے گی۔ اسی گول چکر کے عین درمیان ایک خوبصورت فوارہ بھی تعمیر کیا جائے گا جو ڈیزائن کا نمایاں حصہ ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں