نویں ، گیارہویں:رجسٹریشن کیلئے بائیومیٹرک لازمی قرار
تعلیمی اداروں کو بائیومیٹرک نظام کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت
لاہور(خبر نگار)امتحانی نظام میں شفافیت لانے کے لیے لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے بڑی اصلاحات نافذ کر دی ہیں۔ نویں اور گیارہویں جماعت کے طلبہ کی رجسٹریشن کے لیے بائیومیٹرک حاضری اور تصدیق لازمی قرار دے دی گئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق امتحانی اصلاحات کے تحت لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے نویں اور گیارہویں جماعت کے طلبہ کی رجسٹریشن کے لیے بائیومیٹرک نظام نافذ کر دیا ہے۔ اب رجسٹریشن کے وقت طلبہ کے دونوں ہاتھوں کے انگوٹھوں کے نشانات سکین کیے جائیں گے۔
بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو بائیومیٹرک نظام کے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے ۔ سکولوں کو تھمب سکیننگ ڈیوائس اور لیپ ٹاپ کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی، جبکہ بائیومیٹرک عمل بورڈ کی جانب سے فراہم کردہ مخصوص سافٹ ویئر کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق رجسٹریشن کے دوران دونوں انگوٹھوں کی سکیننگ لازمی ہوگی، جبکہ کسی بھی قسم کی تاخیر یا غفلت کی ذمہ داری متعلقہ ادارے کے سربراہ پر عائد ہوگی۔ بورڈ حکام نے تمام تعلیمی اداروں سے طلبہ کی بروقت رجسٹریشن کے لیے مکمل تعاون کی درخواست کی ہے۔