جنرل ہسپتال :طالبات کی نرسنگ امتحان میں پہلی،دوسری پوزیشن
نرسوں کو خصوصی تربیت پر مسلسل توجہ مرکوز رکھنی چاہیے :پرنسپل فاروق افضل
لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے ) کالج آف نرسنگ لاہور جنرل ہسپتال /اے ایم سی کی طالبات نے ایک سالہ بیسک ڈپلومہ ان نیورو سائنسز نرسنگ کورس میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے پنجاب نرسنگ بورڈ کے سالانہ امتحان میں پہلی اور دوسری پوزیشن اپنے نام کر لیں۔ نتائج کے مطابق دعا اختر نے پہلی اور کشور صدیق نے دوسری پوزیشن حاصل کر کے ایل جی ایچ کا نام روشن کیا، جبکہ پوسٹ گریجوایٹ کالج آف نرسنگ لاہور کی سمیرا عبدالمجید تیسرے نمبر پر رہیں۔اس نمایاں کامیابی پر پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد فاروق افضل نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات، نرسنگ فیکلٹی اور کالج انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی طالبات کی انتھک محنت، اساتذہ کی مؤثر رہنمائی اور ادارے کے معیاری تعلیمی ماحول کا واضح ثبوت ہے ۔لاہور جنرل ہسپتال میں 1962 سے نرسنگ کی تعلیم و تربیت کا سلسلہ جاری ہے ،نرسوں کو خصوصی تربیت پر مسلسل توجہ مرکوز رکھنی چاہیے ۔