سہولت بازاروں میں سستی اشیا کیلئے شہریوں کی طویل قطاریں
بازاروں میں مختلف اشیا پر 10 فیصد تک رعایت دی جا رہی ہے :اعدادوشمار
لاہور ( ہیلتھ رپورٹر ) پنجاب بھر میں قائم رمضان سہولت بازاروں میں حکومت کی جانب سے 16 بنیادی اشیائے ضروریہ سرکاری نرخوں سے بھی کم قیمت پر فراہم کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے ، تاہم بعض مقامات پر سستی اشیا کے حصول کیلئے شہریوں کو طویل قطاروں اور انتظار کی زحمت کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے ۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سہولت بازاروں میں مختلف اشیا پر 10 فیصد تک رعایت دی جا رہی ہے ۔ آٹا 905 روپے کے سرکاری ریٹ کے مقابلے میں 850 روپے فی تھیلا دستیاب ہے جبکہ چینی 140 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے ۔
اسی طرح کھجور 495 کے بجائے 485 روپے ، انڈے 236 کے مقابلے میں 226 روپے اور چکن 446 روپے کے بجائے 431 روپے فی کلو فراہم کیا جا رہا ہے ۔سبزیوں اور پھلوں میں بھی ریلیف دیا گیا ہے ۔ آلو 20 کے بجائے 18 روپے ، پیاز 58 کے مقابلے میں 56 روپے اور ٹماٹر 80 کے بجائے 78 روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔ سیب ایرانی 400 کے مقابلے میں 395 روپے ، امرود 145 کے بجائے 140 روپے ، خربوزہ 240 کے بجائے 235 روپے ، بیسن 250 کے بجائے 248 روپے اور دال چنا 240 کے مقابلے میں 238 روپے میں دستیاب ہے ۔