جاتی امرا میں لیسکو کا بڑا آپریشن، 95 کنکشن منقطع
گھروں کے ڈائریکٹ کنکشنز ختم ،بجلی چوری میں ملوث ٹھیکیدار کیخلاف مقدمہ
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے)لیسکو حکام نے جاتی امرا میں بجلی چوروں کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے 95 گھروں کی بجلی منقطع کر دی۔ کارروائی کے دوران بڑے پیمانے پر غیر قانونی کنکشنز پکڑے گئے ۔ایکسین رائے ونڈ علی رضا نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دو ٹرانسفارمرز سے چلنے والے 95گھروں کے ڈائریکٹ کنکشنز ختم کر دیے ۔ حکام کے مطابق مذکورہ گھروں کو غیر قانونی طریقے سے بجلی فراہم کی جا رہی تھی جس کے باعث ادارے کو ماہانہ لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا تھا۔ایکسین علی رضا کا کہنا تھا کہ بجلی چوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اور ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔