والٹن روڈ :ماڈل کالونی قبرستان میں درختوں کی غیرقانونی کٹائی
مقدمہ درج ،ابتدائی تخمینے میں لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی غائب ہونے کا انکشاف
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )صوبائی دارالحکومت میں ماحولیاتی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کا ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جہاں والٹن روڈ پر واقع ماڈل کالونی قبرستان میں مبینہ طور پر رات گئے درختوں کی غیر قانونی کٹائی کی گئی۔ پولیس نے واقعہ کا مقدمہ نمبرایف اے 26/02/2026-2703 درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے ۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان قبرستان کی چار دیواری کے اندر داخل ہوئے اور قیمتی درخت کاٹ کر لکڑی موقع سے منتقل کرتے رہے ۔ ابتدائی تخمینے میں لاکھوں روپے مالیت کی لکڑی غائب ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے جبکہ نقصان کی تفصیلی رپورٹ بھی مقدمے کا حصہ بنائی گئی ہے ۔درخواست گزار کا کہنا ہے کہ ملزمان ٹریکٹر ٹرالی کے ذریعے لکڑی اٹھا کر لے گئے اور مقامی افراد کی اطلاع پر کارروائی کا عمل شروع ہوا۔ ایف آئی آر میں تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 379 سمیت دیگر متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔حیران کن امر یہ ہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب لاہور ہائی کورٹ شہر میں درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف واضح احکامات جاری کر چکی ہے ۔