پبلک اکاؤنٹس کمیٹی 2 کی میٹنگ، آڈٹ پیراز زیرِ بحث آئے
باقی ماندہ آڈٹ پیراز میں ریکوری کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے :کمیٹی
لاہور(سیاسی نمائندہ) پنجاب اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی 2 کی میٹنگ چیئرمین سید علی حیدر گیلانی (حلالِ امتیاز) کی زیرِ صدارت منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں پنجاب اسمبلی اور دیگر سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران محکمہ صحت و آبادی، اس کے ذیلی محکموں اور خودمختار اداروں سے متعلق آڈٹ پیراز زیرِ بحث آئے ۔کمیٹی نے مختلف آڈٹ پیراز پر تفصیلی غور کیا جن میں بینک اکاؤنٹس میں فنڈز کو غیر قانونی طور پر برقرار رکھنا، ادویات کی خریداری کے لیے ٹھیکوں کی غیر شفاف اور غیر معاشی بنیادوں پر منظوری (جن میں انجکشن انسولین، البینڈازول ٹیبلٹس، اینٹی سنیک وینم سیرم، کیلشیم کاربونیٹ ٹیبلٹس، انجکشن ڈروٹاویریں اور انجکشن آکسیٹوسن شامل ہیں)، کنٹیجینٹ پیڈ سٹاف کی بے ضابطہ تقرریاں، تقرری کی پیشکش منسوخ ہونے کے بعد غیر مجاز تقرریاں، فوری ضرورت کے بغیر خریداری کے باعث سرکاری رقم کا بلاک ہونا اور ٹھیکیداروں کو ایندھن کے اخراجات کی غیر ضروری ادائیگی شامل تھیں۔کمیٹی نے محکمہ کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ آڈٹ پیراز میں ریکوری کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق بقایا آڈٹ پیراز کے جلد از جلد تصفیے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔